دبئی 13فرووری (آئی این ایس انڈیا)فرانسیسی وزیر خارجہ جان ایف لودریاں نے لیبیا سے غیر ملکی فوج اور اجرتی جنگجوؤں کے باہر نکلنے پر زور دیا ہے۔
یہ موقف جمعے کے روز لودریاں اور لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی یان کوبچ کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران سامنے آیا۔
لودریاں کے مطابق ضرورت اس بات کی ہے کہ لیبیا میں تمام لوگوں کی نمائندگی کرنے والی حکومت کی تشکیل میں تیزی لائی جائے اور فائر بندی کے سمجھوتے کو مکمل طور پر لاگو کیا جائے۔
اس دوران یان کوبچ نے لیبیا کی قومی فوج کے سربراہ خلیفہ حفتر سے گفتگو کی۔ بات چیت میں صورت حال کی تازہ ترین پیش رفت ، ترجیحات بالخصوص سیکورٹی کا معاملہ زیر بحث آیا۔
لیبیا میں اقوام متحدہ کے مشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کوبچ نے حفتر کی جانب سے فائر بندی پر عمل درامد کی سپورٹ کا خیر مقدم کیا۔
دوسری جانب لیبیا میں امریکی سفیر رچرڈ نارلنڈ نے لیبیا میں صدارتی کونسل کے سربراہ محمد یونس المنفی اور کونسل کے دو ارکان عبداللہ اللافی اور موسی الکونی سے ملاقات کی۔
امریکی سفارت خانے کے مطابق ملاقات میں ایک فعّال کابینہ کی تشکیل اور پارلیمنٹ کی جانب سے نئی حکومت کی منظوری کے عمل میں جلدی کرنے کی اہمیت پر بات چیت ہوئی۔
بات چیت میں آئندہ دسمبر میں مقررہ قومی انتخابات کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔